لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش‘موسم خوشگوار ہونے کے بعد پھر گرمی

مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی‘ بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی: محکمہ موسمیات
اسلا م آباد‘لاہور (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا‘ہوا چلتی رہی جس کے بعد دوبارہ گرمی میں اضافہ ہوگیا‘محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں میں  مختلف علاقوں میں تیز ہوائو ں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارش  کا امکان ہے،بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم کئی شہروں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان بھی موجود ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں بھی بارش کا امکان ہے، دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان اور باجوڑ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، صوابی، مردان، مالاکنڈ، پارا چنار، کرم اور بنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے