مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار، گرمی کی شدت کم

14 اکتوبر تک بارش، آندھی اور طوفان کا خدشہ، پنجاب بھر میں الرٹ جاری
مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، واسا عملہ متحرک
 لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ دوسری جانب صوبے میں بارشوں، تیز ہوائوں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، ایم اے او کالج، چوبرجی، فیروز پور روڈ، گلبرگ اور ماڈل ٹائون سمیت متعدد مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چلنے لگیں، جس کے باعث شہریوں نے خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے ناشتے کے مقامات کا رخ کیا۔ بارش کے بعد واسا کی ہدایت پر نکاسی آب کے لیے عملہ فیلڈ میں موجود رہا، جبکہ کنٹرول روم کے ذریعے مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کے انتظامات کی نگرانی کی جاتی رہی۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے۔