احتساب سب کا ہوگا، کرپشن ثابت ہونے پر بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی سہیل آفریدی

 منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا حکومت کیخلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے،بعض چینلز اور ضمیر فروش عناصر حقائق مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں
تمام محکمے اور وزرا ء اپنے اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات پر تین دن کے اندر فوری قانونی کارروائی یقینی بنائیں :صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب
   پشاور(آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے  سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے،محکمہ صحت ڈاکٹروں کی پریس کانفرنس میں لگائے گئے الزامات کی مکمل چھان بین کرے،احتساب سب کا ہوگا، کرپشن ثابت ہونے پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔   وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ سے خطاب کیا جہاں انہوں نے کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کو خوش آمدیدکہا، کابینہ سے خطاب میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے،بعض چینلز اور ضمیر فروش عناصر عوام کو گمراہ کرنے اور حقائق مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،جس کے پاس بھی کرپشن کے ثبوت ہیں وہ سی ایم سیکرٹریٹ لائے، فوری کارروائی کی جائے گی ،تمام محکمے اور وزرا اپنے اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات پر تین دنوں کے اندر فوری قانونی کارروائی یقینی بنائیں ،کسی بھی الزام پر متعلقہ محکمہ تین دن کے اندر قانونی نوٹس جاری کرے،تین دن میں کارروائی نہ کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف چوتھے دن کارروائی ہوگی،جب کرپشن نہیں ہو رہی تو کسی کو جھوٹا پروپیگنڈا اور بے بنیاد الزامات لگانے کا حق نہیں۔