ایف بی آر میں اصلاحات تیز اور بدعنوان عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے شہبازشریف

ایف بی آر افسروں کی ذمہ داری ہے  قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر کریں،  اصلاحات ریاست کے وسیع تر مفاد میں ہیں، ان کا عمل ہر صورت جاری رہے گا
لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہیے، طلبہ کی تعلیم اور صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے:وزیراعظم کی اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے  ادارے میں  بدعنوان عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور ٹیکس گیپ پر قابو پانے کیلئے ایف بی آر کی استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لائی جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔وزیراعظم ایف بی آر میں اصلاحات کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں،  ٹیکس گیپ پر قابو پانے کے لیے ایف بی آر کی استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لائی جائے، ایف بی آر میں اصلاحات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ٹیکنالوجی، مؤثر تربیت، شفافیت اور جوابدہی پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیر اعظم نے ٹیکس وصولی کے شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا  ایف بی آر افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر کریں، جاری اصلاحات ریاست کے وسیع تر مفاد میں ہیں، ان کا عمل ہر صورت جاری رہے گا۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہبازشریف نے  لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کا پلان جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے  لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے نجی شعبے کو اگے بڑھنا چاہیے، وفاقی حکومت، مویشیوں کے لیے جدید اور موثر ویکسین کی پیداوار کا قومی سطح کا پلانٹ اپنے وسائل سے قائم کرے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔وزیراعظم نے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی ہدایت کی۔لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ پاکستان میں مویشیوں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے 2007 میں قائم کیا گیا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ میں نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کر کے اسے ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کیا جائے‘علاوہ ازیں وفاقی وزارت تعلیم اور گوتھ اے آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا، جس میں گوتھ اے آئی نے پاکستانی اساتذہ کیلئے چار ہزار فری پریمیئم سبسکرپشنز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال اور جدید تعلیمی سہولتوں کے فروغ کے لیے وفاقی وزارتِ تعلیم اورگوتھ اے آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اورجدید ٹیکنالوجی سے مستفید کرنے کے لیے پُرعزم ہے، طلبہ کی تعلیم اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔