ایران سے 100 فیصد مناسب جواب چاہتے ہیں،جواب نہ آیا تو کارروائی ہوگی، امریکہ نے ایران کو میدان جنگ میں شکست دی : امریکی صدر کی میڈیاسے گفتگو
آبنائے ہرمز زون میں داخل تمام بحری جہاز ایرانی اتھارٹی سے رابطہ کریں‘ایران نے جہاز رانی کے لئے کوآرڈینیشن اور فیس کا نظام بھی نافذ کردیا
واشنگٹن‘تہران(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ایران سے 100 فیصد مناسب جواب چاہتے ہیں، ایران سے جواب نہ آیا تو کارروائی ہوگی، امریکا نے ایران کو میدان جنگ میں شکست دی،ایران پہلے معاہدے پر دستخط کرے، پھر ریلیف کا سوچوں گا، ایران کا معاملہ اِدھر یا ادھر صورت میں حل کروں گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران ایک شکست خوردہ ملک ہے، ہم اب ایسے لوگوں سے بات کررہے ہیں جو سمجھدار ہیں، یہ ان لوگوں سے زیادہ بہتر ہیں جو اب ہم میں نہیں ہیں، امید ہے کہ یہ لوگ ڈیل کرلیں گے، اگر ہمیں درست جواب نہیں ملتا تو ہم فورا ایکشن لیں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ ہمیں 100 فیصد درست جواب چاہیے، میں کبھی نہیں تھکتا، ایران کے جواب کا چند دن تک انتظار کریں گے، 2 روز انتظار کرکے لوگوں کی جان بچانا اچھا عمل ہے، جب تک وہ دستخط نہ کردیں، کوئی ریلیف نہیں دوں گا۔دریں اثناو ایران نے آبنائے ہرمز پر نئے انتظامی ڈھانچے کا اعلان کرتے ہوئے اماراتی ریاست فجیرہ تک نگرانی زون قائم کرنے کا اعلان کردیا۔غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خلیج فارس آبنائے ہرمز اتھارٹی کے تحت اجازت نامہ لازمی قرار دے دیا گیا۔خلیج فارس آبنائے تھارٹی کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز میں نئی اجازت، نگرانی کا غیرمعمولی نظام متعارف کروادیا۔ ایران نے جہاز رانی کے لیے کوآرڈینیشن اور فیس کا نظام بھی نافذ کردیا۔ آبنائے ہرمز نگرانی زون ایران کے جزیرہ قشم سے لے کر اماراتی ریاست فجیرہ کے جنوب تک پھیلا ہوا ہے۔خلیج فارس آبنائے اتھارٹی کا کہنا ہے آبنائے ہرمز زون میں داخل تمام بحری جہاز ایرانی اتھارٹی سے رابطہ کریں۔