فجیرہ پر حملے میں تین بھارتی شہری ز خمی ہوئے

نئی دہلی (آئی این پی )بھارت نے آبنائے ہرمز سے آگے متحدہ عرب امارات کے مشرقی ساحل پر واقع شہر فجیرہ میں ہونے والے حملے کو نا قابلِ قبول قرار دیا ہے۔ اس حملے میں تین انڈین شہری زخمی ہونے کی اطلاعت کی انڈین وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے۔ بی بی سی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا فوری طور پر ان کارروائیوں کے خاتمے، شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے اور بے گناہ شہریوں پر حملوں کو روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق انڈیا موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی ہے، تاکہ مغربی ایشیا میں امن اور استحکام بحال ہو سکے۔انڈیا نے بین الاقوامی قوانین کے مطابق آبنائے ہرمز سے آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت اور تجارت کی بھی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈیا مسائل کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کے لئے تیار ہے۔