روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں: سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)پرامن اور محفوظ ماحول میں انٹر نیشنل کرکٹ کا فروغ ہماری اہم ترجیح ہے۔اس ضمن میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اورشائقین ِکرکٹ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے چاق و چوبندافسران و اہلکار پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔سی سی پی او لاہور نے سپروائزری افسران کو پی سی بی، ضلعی انتظامیہ اورسکیورٹی اداروں سے بہترین کوارڈینیشن رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ایس او پیز پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پی ایس میچز کے دوران ڈولفن سکواڈ، پی آر یو و دیگرپولیس ٹیمیں کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی و دیگر کنٹرول رومز سے اہم پوائنٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے ٹریفک کی بلاتعطل روانی اور پارکنگ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی پوائنٹس پرتعینات جوان انتہائی الرٹ رہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین پی ایس ایل10کا کوالیفائر میچ کھیلا جا رہا ہے۔لاہورمیں پی ایس ایل10کے کوالیفائر، الیمینیٹر اورفائنل میچزکھیلے جائیں گے۔