جرائم پر قابو پانے کیلئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سے بہترین کوارڈینیشن رکھی جائے
لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں اقبال ٹا ئون اور صدر ڈویڑنزکی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔سی سی پی او لاہورنے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق کرائم کنٹرول کیلئے سرگرمِ عمل ہے۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سے بہترین کوارڈینیشن رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز ٹیم ورک سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔سی سی پی او لاہورنے منشیات کے خاتمے کیلئے منظم کریک ڈا ئون جاری رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات خصوصاََ آئس کے نشے سے بچانا ہماری اہم ذمہ داری ہے۔سی سی پی او لاہور نے جوئے کے اڈے چلانے والے بااثر افرادکے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایس پیز سرکل کی سطح پر سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں اور ان سے رزلٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ سوسائٹیز میں بیرئیرز کی تنصیب سے جرائم کی روک تھام میں بہتری آئی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایس پیز اور ایس ڈی پی اوزباقاعدگی سے اردل روم منعقد کریں۔انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کے حامل اہلکاران کی حوصلہ افزائی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران مظلوم کو فوری انصاف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی( آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی ( آپریشنز)تصور اقبال، اقبال ٹا ئون اورصدر ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔