اے آئی سے خواتین کی ملازمتوں کو زیادہ خطرہ ہے : رپورٹ

 ترقی یافتہ اور امیر ممالک میں یہ خطرہ زیادہ،خواتین کی 9.6فیصد ملازمتوں میں نمایاں تبدیلی یا خطرہ متوقع
 نیویارک (آئی این پی )ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی تیزرفتار ترقی کے باعث خواتین کی ملازمتیں مردوں کے مقابلے میں زیادہ خطرے سے دوچار ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اے آئی کے باعث سب سے زیادہ اثر ان ملازمتوں پر پڑے گا جو عموماً خواتین انجام دیتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ترقی یافتہ اور امیر ممالک میں یہ خطرہ زیادہ شدید ہے جہاں خواتین کی تقریباً 9.6فیصد ملازمتیں ایسی ہیں جن میں اے آئی کی وجہ سے نمایاں تبدیلی یا خطرہ متوقع ہے۔ اس کے مقابلے میں مردوں کی صرف 3.5فیصد ملازمتیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ اے آئی تمام ملازمتوں کو فوری طور پر ختم نہیں کرے گی لیکن بہت سی ملازمتوں کے اندرونی کام یا فرائض بدل سکتے ہیں۔ خاص طور پر میڈیا، دفتری، سافٹ ویئر، اور فنانس جیسے شعبے اے آئی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔