بائیں بازو اور قوم پرست جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو 176 میں سے 171ووٹ ملے
میڈرڈ(آئی این پی )ہسپانوی پارلیمنٹ نے اسرائیل کو اسلحے کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرارداد منظور کرلی۔ ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہسپانوی پارلیمنٹ میں بائیں بازو اور قوم پرست جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو 176میں سے 171ووٹ ملے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنزرویٹو پیپلز پارٹی اور انتہائی دائیں بازو کی ووکس پارٹی نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔رپورٹ کے مطابق ہسپانوی قانون سازوں نے بھی اس قرارداد کو سراہا جس میں ہسپانوی حکومت پر زور دیا گیا کہ اسرائیل کو اس طرح کے کسی بھی مواد کی فروخت نہ کی جائے جو اسرائیلی فوج کو مضبوط کر سکے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس قرارداد میں سپین کے غیر ملکی تجارت کے قانون میں اصلاحات کی سفارش بھی کی گئی تاکہ اسرائیل جیسی کسی بھی ریاست کے ساتھ فوجی معاہدوں پر پابندی لگائی جا سکے جس پر نسل کشی یا انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام ہو۔