خواتین کے کپڑوں کی بڑھتی قیمتوں کا معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

 اسلام آباد (آئی این پی )ملک بھر میں خواتین کے کپڑوں کی بڑھتی قیمتوں کا معاملہ قومی اسمبلی تک پہنچ گیا۔ایوان زیریں کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے معاملہ اٹھا دیا۔شگفتہ جمانی نے کہا کہ برانڈز کا نام دے کر لوکل ٹیکسٹائل نے اپنی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جو لیڈیز سوٹ 7 سے 8ہزار روپے میں ملتا تھا اب اس کی قیمت 20ہزار ہے، ان پر چیک اینڈ بیلنس کون رکھے گا؟۔ شگفتہ جمانی کا کہنا تھا کہ جو گھر سے اٹھتا ہے وہ ٹیکسٹائل کا بزنس شروع کر دیتا ہے اور اپنا نام رکھ لیتا ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری تجارت ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ لوکل مارکیٹ اور ریٹیل مارکٹ پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے،  لوکل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کی وجہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔