لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کو بجلی کی بندش کے بعد مکمل طور پر کھول دیا گیا، پروازوں کی آمد و رفت بحال
برطانوی دارالحکومت لندن کا مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ، جو گزشتہ روز بجلی کی بندش کے سبب متاثر ہو گیا تھا، باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ کی بندش کے بعد پروازوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے، تاہم ابھی بھی پروازوں میں تاخیر کا امکان ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہیتھرو ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے نتیجے میں تقریباً 1400 پروازیں متاثر ہو چکی تھیں۔ ایئرپورٹ کے مکمل آپریشنل ہونے کے باوجود ہفتے کی صبح پہلی پرواز لزبن کے لیے روانہ ہوئی۔انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے پہلے اپنی پرواز کا وقت چیک کر لیں، کیونکہ اضافی 10 ہزار مسافروں کی سہولت کے لیے شیڈول میں 50 اضافی سلاٹس شامل کیے گئے ہیں۔
اس کے باوجود، ایئرپورٹ کی پہلی 20 پروازوں میں سے 9 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ہیتھرو ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو نے مسافروں سے تاخیر اور منسوخی پر معذرت کی، تاہم اس واقعے کی ذمے داری لینے سے انکار کر دیا۔ ان کے مطابق، سب اسٹیشن میں آگ لگنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی اور ایئرپورٹ کے بیک اپ ٹرانسفارمر نے اضافی بوجھ برداشت کرنے میں ناکامی کا سامنا کیا، جس کے باعث ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔