وزیرِ اعظم پاکستان، محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ مکمل کر لیا اور جدہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔
وزیرِ اعظم کا یہ دورہ 19 سے 22 مارچ 2025 تک رہا، جس کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔دورے کے دوران، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم، محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت کے فروغ، کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری لانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے سعودی وزیرِ سرمایہ کاری، خالد الفالح اور اقتصادی امور کے ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التجویری سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
وزیرِ اعظم نے سعودی عرب میں اپنے دورے کے اختتام پر مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی اور مکہ مکرمہ میں عمرہ بھی ادا کیا۔ وزیرِ اعظم کی سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں اور دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مزید استحکام کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا۔وزیرِ اعظم کی سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو جدہ ایئرپورٹ پر رخصت کیا، جہاں انہوں نے اس دورے کے کامیاب ہونے کی خواہش ظاہر کی۔