مظلوم کے ساتھ زیادتی، نا انصافی ہرگز برداشت نہیں:ڈی آئی جی فیصل
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کے افسران کی رمضان المبارک میں بھی کھلی کچہریاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اپنے دفترکے بعد جامع مسجد قاسمیہ وحدت کالونی میں بھی کھلی کچہری لگائی۔ایس پی اقبال ٹاؤن، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز و دیگر افسران اس موقع پر موجودتھے۔ فیصل کامران نے نماز جمعہ اور نماز استسقاء کی ادائیگی کے بعد شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ تما م سپر وائزری افسران و ایس ایچ اوز ہر جمعہ مساجد میں کھلی کچہریاں لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کے ساتھ زیادتی، نا انصافی ہرگز برداشت نہیں۔ جھوٹے مقدمات کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔شہریوں پر جھوٹے مقدمات درج کرنے والے جیل جائیں گے۔ فیصل کامران نے کہا کہ قانون کی بالا دستی اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنااولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریاں عوام میں پولیس پر اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمے کیلئے شہریوں کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔غیر قانونی سرگرمیوں کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں۔