ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے الیکٹرانک فراڈ اور جعلسازی میں ملوث ایک منظم گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم محمد طارق کے خلاف پیکا 2016 کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ برانچ لیس بینکنگ ریٹیلرز کے ساتھ دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث تھا۔ملزم دکانداروں کے موبائل فون حاصل کرکے، جن میں ریٹیلر سم (CBA اکاؤنٹ) موجود ہوتی تھی، مختلف حیلوں سے اصل سم کو بلاک شدہ سم سے تبدیل کرتا تھا اور پھر اس اکاؤنٹ سے رقم دوسرے ریٹیلر اکاؤنٹس میں منتقل کر کے کیش حاصل کر لیتا تھا۔ ایک کارروائی کے دوران ملزم نے ایک شہری کے اکاؤنٹ سے 1 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد کی رقم منتقل کی۔چھاپے کے دوران ملزم سے موبائل فون اور دیگر شواہد برآمد کیے گئے ہیں، اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔