نئے قوانین کے ساتھ آئی پی ایل کا 18واں ایڈیشن آج سے شروع ہوگا

نئے قوانین کے ساتھ آئی پی ایل کا 18واں ایڈیشن آج سے شروع ہوگا

ویب ڈیسک: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 18ویں ایڈیشن کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، اور اس کے ساتھ ہی اس سیزن کے لئے نئے قوانین بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس سیزن کے آغاز سے کچھ روز قبل اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ ان تبدیلیوں میں تین اہم نئے قوانین شامل ہیں جو اس سیزن کے افتتاحی میچ میں نافذ کیے جائیں گے، جو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

1. گیند پر تھوک لگانے کی پابندی ختم
کورونا وائرس کی وبا کے بعد، گیند پر تھوک لگانے پر پابندی عائد کی گئی تھی، لیکن آئی پی ایل نے اس پابندی کو اٹھا لیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2022 میں اس پابندی کو مستقل کر دیا تھا، تاہم آئی پی ایل نے اس فیصلے میں تبدیلی کرتے ہوئے اس پابندی کو ختم کر دیا ہے۔

2. دوسری نئی گیند کی 'مشروط' اجازت
رواں سیزن میں شام کے میچز کے دوران اگر امپائرز کو شبنم (ڈیو) کا اثر گیند پر پڑتا ہوا محسوس ہو، تو وہ 11ویں اوور سے ایک نئی گیند استعمال کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔ یہ قانون صرف شام کے میچز پر لاگو ہوگا اور دوپہر کے میچز پر نہیں ہوگا۔

3. وائیڈز کے لیے ڈی آر ایس
آئی پی ایل میں پہلی بار ڈیسیژن ریویو سسٹم (ڈی آر ایس) کو وائیڈ گیندوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اگر بالرز یا کپتان کو لگے کہ امپائر نے وائیڈ گیند غلط دی ہے، تو وہ اس فیصلے کو ریویو کروا سکتے ہیں۔

4. امپیکٹ پلیئر کا قانون جاری
بی سی سی آئی نے امپیکٹ پلیئر کے قانون کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس قانون کے تحت فرنچائزز کو 11 کھلاڑیوں کی بجائے 12 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت ہوگی۔ گزشتہ سال اس قانون کو کچھ تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم بی سی سی آئی نے اس بار بھی اسے برقرار رکھا ہے۔یہ نئے قوانین آئی پی ایل 2025 کے سیزن کو مزید دلچسپ اور چیلنجنگ بنائیں گے، اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ یہ تبدیلیاں میچز کی نوعیت اور کھلاڑیوں کی حکمت عملی پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہیں۔