پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا پلیئرز ڈرافٹ آج لاہور کے حضوری باغ میں ہوگا، جہاں پی ایس ایل کی 6 فرنچائزز اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف کیٹیگریز سے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔
ڈرافٹ کی تفصیلات:
فرنچائزز اپنے اسکواڈز تشکیل دینے کے لیے چھ مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی: پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور، ایمرجنگ اور سپلی منٹری۔ڈرافٹ میں دنیا بھر سے معروف کرکٹرز نے رجسٹریشن کرائی ہے، جن میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹم ساؤتھی اور مارک چیپ مین شامل ہیں۔آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، میتھیو شارٹ اور شان ایبٹ بھی ڈرافٹ کا حصہ ہوں گے۔انگلینڈ کے جیسن روئے، ایلکس ہیلز، زیک کرولی اور بنگلا دیش کے مستفیض الرحمان، شکیب الحسن اور افغانستان کے مجیب الرحمٰان بھی شامل ہیں۔اس ڈرافٹ کے ذریعے پی ایس ایل کی فرنچائزز اپنی ٹیموں کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کریں گی تاکہ دسویں ایڈیشن میں بہترین کارکردگی دکھائی جا سکے۔