محکمہ تعلیم ہمارے کسی کام کا نہیں، طلبا کو دوبارہ ریاستوں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں،امریکی صدر
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ تعلیم بند کرنے کے ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کر دئیے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے وزیر تعلیم کوحکم دیا ہے کہ محکمہ کوبند کرنے کا عمل شروع کیاجائے۔ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران کہا کہ ہم محکمہ تعلیم کو جلد از جلد بند کرنے جا رہے ہیں، یہ ہمارے کسی کام کا نہیں، ہم اپنے طلبا کو دوبارہ ریاستوں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سکولوں کا تعلیمی معیار بہت گرچکا ہے، طلبا کو بنیادی ریاضی تک نہیں آتی۔امریکی صدر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے پاس بڑی بڑی عمارتیں ہیں مگر تعلیم نہیں، اب سکولوں کے معاملات ریاستیں خود دیکھیں گی۔محکمہ تعلیم بند کرنے پر ریاستی گورنر خوش ہیں۔ ڈیموکریٹس نے محکمہ تعلیم بند کرنے کا صدر ٹرمپ کا اقدام تباہ کن قرار دے دیا۔ڈیموکریٹ رہنما چک شومر نے ٹرمپ کے اقدام پر ردعمل میں کہا ہے کہ ٹرمپ کے ہولناک فیصلے سے اساتذہ،طلبا اور والدین متاثر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو ٹرمپ کے ظالمانہ اقدامات روکنے کیلئے قانون کی بالادستی برقرار رکھنا ہوگی۔