غزہ: اسرائیلی بمباری سے مزید 59فلسطینی شہید، القسام بریگیڈ کے تل ابیب پر راکٹ حملے

اسرائیلی فوج کا رفح میں بھی زمینی آپریشن ، شمالی علاقوں کی طرف پیش قدمی، فلسطینی پھر سے علاقہ چھوڑنے پر مجبور ،اسرائیل  کا راکٹ مار گرانے کا دعویٰ 
غزہ (آئی این پی )غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 59فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے جہاں صیہونی فوج کے تازہ حملوں میں 59فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ 3روز میں اسرائیلی حملوں سے 200بچوں سمیت 600فلسطینی شہید ہوئے۔ادھر اسرائیلی فوج نے رفح میں بھی زمینی آپریشن اور شمالی علاقوں کی طرف پیش قدمی کی جس کے سبب بے گھر فلسطینی پھر سے علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔دوسری جانب القسام بریگیڈ نے غزہ سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر متعدد راکٹ حملے کیے جس کی وجہ سے اسرائیلی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے جب کہ اسرائیل نے راکٹ مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔