خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں محمد سنوار شہید ہو چکے ، لاش ایک سرنگ سے ملی،دس ساتھیوں کی لاشیں بھی برآمد
ریاض(آئی این پی ) سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس کے مسلح ونگ القسام کے نئے کمانڈر اور سابق سربراہ یحییٰ سنوار کے بھائی محمد سنوار خان غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اپنے 10 ساتھوں سمیت شہید ہوگئے۔سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ کے نئے کمانڈر کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی کارروائی کے کئی دنوں کی بے یقینی اور غیریقینی خبروں کے بعد اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں محمد سنوار شہید ہو چکے ہیں۔اتوار کو العربیہ اور الحدث کو حاصل معلومات کے مطابق محمد سنوار کی لاش جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک سرنگ سے ملی ہے، جہاں ان کے 10 ساتھیوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔ذرائع کے مطابق محمد سنوار گزشتہ دنوں خان یونس کے مشرق میں یورپی ہسپتال کے قریب اسرائیل کے شدید فضائی حملے میں نشانہ بنے، اسی حملے میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شبانہ نے بھی جام شہادت نوش کیا۔اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ محمد سنوار جو حماس کے شہید رہنما یحیی سنوار کے بھائی تھے، کو ایک خفیہ پناہ گاہ میں نشانہ بنایا گیا جو یورپی ہسپتال کے نیچے واقع تھی۔