پاک ریلوے کے وژن کی تکمیل کیلئے اداروں کی استعداد کاربڑھانے کی ضرورت:حنیف عباسی

 وفاقی وزیر ریلوے کی زیر صدارت اجلاس ، پریکس اور جی ایم ڈبلیو ایس آئی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کے وژن کی تکمیل کے لئے اداروں کی استعداد کار کو بڑھانا اور خدمات کو موثر بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔تفصیل کے مطابق وزارت ریلوے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان ریلوے ایڈوائزری اینڈ کنسلٹنسی سروسز اور جنرل منیجر ویلفیئر اینڈ سپیشل انیشیٹوزکی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دونوں اداروں کی موجودہ خدمات، ترقیاتی اہداف اور مستقبل کے منصوبوں پر اہم گفتگو کی گئی۔ وزیر ریلوے کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں پاکستان ریلوے کے 18 ہسپتال اور 44 ڈسپنسریاں ادارے کے موجودہ و سابقہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور سستے علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ وزیر ریلوے نے ہسپتالوں کی گنجائش کو مزید بڑھانے، جدید سہولیات فراہم کرنے اور موجودہ عمارتوں کو جدید طرز پر ازسرنو تزئین و آرائش کرنے کی ہدایت کی۔اس ضمن میں انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکان پر بھی غور کرنے کی ہدایت دی، تاکہ جدید طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کے انتظامی امور کو بہتر بنایا جا سکے۔اجلاس میں وزیر کو بتایا گیا کہ جی ایم ڈبلیو ایس آئی کے تحت اس وقت 114 سکول اور ایک کالج مختلف ریلوے کالونیوں میں تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ان اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور تدریسی معیار کو بڑھانے کی ہدایت کی، تاکہ ریلوے خاندانوں کے بچوں کو قومی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔اجلاس میں پریکس کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔