ریلوے سٹرٹیجک اثاثہ ،منافع بخش بنائیں گے، نجکاری نہیں کی جا رہی: حنیف عباسی

 خسارہ کچھ زیادہ نہیں ہے بس پنشنوں کا بوجھ ہے، نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، ریلوے سکولوں، ٹرینوں اور ہسپتالوں کو آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے ، وفاقی وزیرریلوے کی میڈیا سے گفتگو 
 لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے سٹریٹجک اثاثہ ہے، محکمے کی نجکاری نہیں کرنے جا رہے ، اسے جدید خطوط پر استوار کر کے منافع بخش بنا ئیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ ریلوے کے پورے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں ۔ محکمے کو جدید خطوط پر استوار کر کے منافع بخش بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا ریلوے سٹریٹجک اثاثہ ہے ا س کی نجکاری نہیں کریں گے بل کہ ٹرینیں آئوٹ سورس کر ر ہے ہیں ۔ ریلوے کے سکولوں اور سات ہسپتالوں کو بھی آئوٹ سورس کرنے جا رہے ہیں ، ہسپتالوں کی آئوٹ سورسنگ تیس سال کے لیے ہو گی ۔ آئوٹ سورسنگ محکمے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی ۔ ریلوے ملازمین کو علاج کی مکمل سہولیات فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلایا جائے گا ۔  ہو لی فیملی عالمی معیار ہسپتال بن گیا ہے۔ بینظیر بھٹوہسپتال میں بھی بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا ریلوے کا خسارہ کچھ زیادہ نہیں ہے بس پنشنوں کا بوجھ ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں ۔ مہنگائی میں کمی اور بجلی سستی ہو چکی ۔ معیشت اب استحکام کی جانب گامزن ہے ۔