پاکستان ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟پیر تک فیصلہ تمام آپشن کھلے رکھے جائیں:شہبازشریف
وزیراعظم سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ملاقات‘ورلڈ کپ کے بائیکاٹ، بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار اور پاکستانی ٹیم کے ورلڈکپ کے میچوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کرنے پر غور کیا گیا
اسلام آباد جیم سٹون سینٹر اگست 2027 تک مکمل ‘ بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مل کر کام کیا جائے:وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایت
اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ چند روز بعد ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ورلڈکپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بڑی اچھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو آئی سی سی معاملے پر بریفنگ دی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تمام آپشنز کو زیر نظر رکھتے ہوئے معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات میں مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ملاقات میں بنگلادیش کو میگا ایونٹ سے باہر نکالے جانے پر احتجاجا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بائیکاٹ، بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار اور پاکستانی ٹیم کے ورلڈکپ کے میچز میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کرنے پر غور کیا گیا۔اس کے علاوہ ورلڈ کپ میچز کی جیت کو بنگلادیش کرکٹ فینز کے نام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی‘دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جیم اسٹونز کے ذخائر کی استعداد کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ ان قیمتی پتھروں کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز کی تعمیر کے لئے بین الاقوامی شہرت کے حامل متعلقہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ جیم اسٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو جیم اسٹون انڈسٹری ترویج کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔نئی منظور شدہ جیم اسٹون پالیسی پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے حوالے سے چار سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد میں جیم اسٹون سینٹر کے قیام کے حوالیسے شاہراہ دستور پر جگہ کا تعین کیا جا چکا ہے۔ اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر میں بین الاقوامی معیار کی ویلیو ایڈیشن سروسز، سرٹیفیکیشن ،انکیوبیشن سینٹر اور ٹریڈ سینٹر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی