سحری کے وقت 10سے 12خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ پر تین اطراف سے حملہ آور ہوئے،دو گھنٹے مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہوگئے، ترجمان پنجاب پولیس
ڈی جی خان(آئی این پی )پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا۔خوارجی دہشت گردوں کا پنجاب اور خیبر پختونخوا بارڈر پر تھانہ وہوا کی لکھانی چیک پوسٹ پر رواں ماہ پانچواں حملہ ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سحری کے وقت 10سے 12خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ لکھانی پر تین اطراف سے حملہ آور ہوئے، دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحے کا استعمال کیا۔پولیس اہلکاروں کے الرٹ ہونے پر تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی فوری نشاندہی کی، پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے اور دو گھنٹے مقابلہ جاری رہنے کے بعد دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہوگئے۔آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر ) سجاد حسن خان نے آپریشن کی کمانڈ کی، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیرِ کمانڈ کیو آر ایف ٹیمیں بروقت لکھانی چوکی پہنچیں۔ سرحدی علاقے میں پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کو شاباش دی ۔