قلات : چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7سکیورٹی اہلکار شہید ، 15 زخمی

قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا‘‘ شہدا ء کی قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتے:محسن نقوی
 دہشتگردوں کا شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے‘بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے ترقی کے دشمن ہیں:شہبازشریف

کوئٹہ،اسلام آباد(آئی این پی)بلوچستان کے ضلع قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر دہشتگردانہ حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق دہشتگردی کا واقعہ قلات کے علاقے جوہان میں پیش آیا، نامعلوم مسلح افراد نے شاہ مردان چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے قلات میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا اہلکاروں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہادت کا بلند رتبہ پانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی ہے۔ان کا کہنا تھا شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہدا ہمارا فخر ہیں،لازوال قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قلات میں نہتے شہریوں پردہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل اور بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے‘بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور اسکی ترقی کے دشمن ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے‘دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔