15 سے 20 دہشت گردوں نے تاریکی میں جھنگی پوسٹ پر حملہ کیا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس ڈی جی خان کے بہادر جوانوں نے خوارجی دہشتگردوں کا ایک بار پھر تھانہ وہوا کی جھنگی (حضرت عمر فاروق) پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنادیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھانہ وہوا کی جھنگی (حضرت عمر فاروق) پولیس چیک پوسٹ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا۔دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا۔پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی اور فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان منج نے پولیس آپریشن کی قیادت کی جبکہ ڈی پی او ڈی جی خان سید علی بھی ہمراہ تھے۔پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگرد حملہ آوروں کا بھاری جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔