26نومبر احتجاج کیس:بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت ، زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع

 اسلام آباد(آئی این پی )انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26نومبر احتجاج کے کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی عبوری ضمانت اور پی ٹی آئی ایم این اے زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کر دی جبکہ پارٹی رہنما راجا بشارت کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔اسلام آباد کی انسدادِدہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 26نومبر احتجاج پر درج مقدمہ کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ شمسہ کیانی اور انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سابق خاتون اول کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کے احکامات جاری کردیئے۔جج طاہر عباس سپرا نے زرتاج گل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر بھی سماعت کی۔ زرتاج گل اپنی وکیل آمنہ علی ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے متعلقہ مقدمہ میں 5 مئی تک پی ٹی آئی ایم این اے کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔ اس دوران پی ٹی آئی رہنما راجا بشارت نے 4 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ جج طاہر عباس سپرا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے 5 مئی تک راجا بشارت کی ضمانت 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض قبل از گرفتاری منظور کرلی۔