اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کی ملک بھر میں ریلیاں پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ اعلامیہ جاری کریں:حافظ نعیم

لاہور میں  مسجد شہدا ء سے امریکی سفارت خانے تک مارچ، ہزاروں افراد کی شرکت‘ امریکہ اور اسرائیلی دہشت گردی کی پر زور مذمت کی گئی

 دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد اسرائیل اور امریکہ ہیں جو فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں:امیرجماعت اسلامی کا خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین نے ہاتھ میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر شدید نعرے بازی کی۔فلسطین میں امریکا اور اسرائیلی بربریت کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شریک ہوکر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرایا۔لاہور میں جماعت اسلامی کے تحت مسجد شہدا سے امریکی سفارت خانے تک مارچ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شریک ہوکر امریکا اور اسرائیلی دہشت گردی کی پر زور مذمت کی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں امریکی سفارت خانہ کے باہر فلسطین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف سراپا احتجاج ہے، گزشتہ 2 دن سے جاری اسرائیلی دہشت گردی انسانیت کے لیے شرم کا مقام ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ کے بہادر لوگ اپنے حقوق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں جبکہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں امریکا براہ راست ملوث ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کو خالی کرانے کے لیے دہشت گردی کروائی۔امیر جماعت اسلامی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور 90 فیصد غزہ مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والی دنیا اسرائیلی بربریت پر خاموش کیوں ہے؟حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اس دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد اسرائیل اور امریکا ہیں، جو فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیںحافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اور سعودی قیادت کو اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری کرنا چاہیئے۔