فیفا ورلڈ کپ 2026: انگلینڈ اور گھانا کا سخت مقابلہ، میچ بغیر گول کے برابر

فیفا ورلڈ کپ 2026: انگلینڈ اور گھانا کا سخت مقابلہ، میچ بغیر گول کے برابر

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں انگلینڈ اور گھانا کے درمیان کھیلا گیا میچ سخت مقابلے کے بعد 0-0 سے برابر رہا، جس میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے اپنے پہلے میچ کی طرح جارحانہ کھیل پیش نہ کیا اور پورے میچ کے دوران گھانا کی منظم دفاعی حکمت عملی کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔انگلینڈ کو پہلا شاٹ آن ٹارگٹ حاصل کرنے میں 57 منٹ لگے، جس سے ٹیم کی سست رفتار اٹیکنگ کارکردگی واضح نظر آئی۔ دوسری جانب گھانا نے تیز اور خطرناک کاؤنٹر اٹیکس کے ذریعے انگلینڈ کے دفاع کو بارہا دباؤ میں رکھا۔انگلینڈ کے ہیڈ کوچ  تھامس ٹوچل نے میچ کے دوران صورتحال بہتر بنانے کے لیے تبدیلیاں کیں۔ انہوں نے بکائیو ساکا کو میدان میں اتارا جبکہ جوڈ بیلنگھم کی جگہ مورگن راجرز کو شامل کیا۔تبدیلیوں کے بعد انگلینڈ نے حملوں میں بہتری دکھائی۔ ساکا نے ایک خطرناک شاٹ کے ذریعے گول کیپر بنیامین اسارے کو آزمایا، تاہم گھانا کے گول کیپر نے شاندار ردعمل دیتے ہوئے گول بچا لیا۔

اسی طرح نکولس او’رائلی کا ہیڈر کراس بار سے ٹکرا گیا جبکہ مارک گیہی کی جانب سے کیا گیا یقینی گول لائن پر روک لیا گیا، جس سے انگلینڈ کی مایوسی میں اضافہ ہوا۔میچ کے آخری لمحات میں گھانا کی جانب سے پنالٹی کی اپیل مسترد کر دی گئی، ریفری نے ایزری کونسا کے ٹیکل کو قانونی قرار دیا۔اس نتیجے کے بعد انگلینڈ گروپ میں بدستور سرفہرست ہے، تاہم ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی یقینی بنانے کے لیے اسے اپنا اگلا میچ پاناما کے خلاف جیتنا ہوگا۔