نفرت انگیز مہم پر لامین یامال کی گرل فرینڈ کا ردعمل، "میں بھی ایک انسان ہوں"

نفرت انگیز مہم پر لامین یامال کی گرل فرینڈ کا ردعمل،

بارسیلونا کے نوجوان اسٹار لامین یامال کی گرل فرینڈ اور کانٹنٹ کریئٹر انیس گارشیا نے سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور نفرت انگیز پیغامات موصول ہونے کے بعد ایک طویل بیان جاری کیا ہے۔

انیس گارشیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک معمولی سی پوسٹ اس قدر نفرت کا باعث بن جائے گی۔ کئی گھنٹوں سے تبصرے پڑھ رہی ہوں اور مضبوط دکھائی دینے کی کوشش کے باوجود میں بھی ایک انسان ہوں۔ اس اکاؤنٹ کے پیچھے ایک ایسا انسان ہے جو محسوس کرتا ہے، روتا ہے اور غلطیاں کرتا ہے۔"انہوں نے کہا کہ وہ تعمیری تنقید کو سمجھتی ہیں، تاہم رائے دینے اور کسی ایسے شخص کی توہین کرنے میں واضح فرق ہے جسے لوگ ذاتی طور پر جانتے بھی نہیں۔اپنے بیان میں انیس گارشیا نے مداحوں سے اپیل کی کہ کسی بھی تبصرے سے پہلے یہ ضرور یاد رکھیں کہ اسکرین کے دوسری جانب بھی ایک انسان موجود ہوتا ہے، جس کے اپنے خاندان، دوست، خوف اور جذبات ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا، "میں کسی سے محبت کا مطالبہ نہیں کرتی، صرف اتنی درخواست ہے کہ تھوڑی ہمدردی اور انسانیت کا مظاہرہ کریں، کیونکہ کوئی بھی شخص ہزاروں نفرت انگیز پیغامات کا مستحق نہیں ہوتا۔"

اپنے بیان کے اختتام پر انیس گارشیا نے امید ظاہر کی کہ ایک دن انٹرنیٹ ایسی جگہ بنے گا جہاں نفرت اور آن لائن ہراسانی کو فروغ نہیں دیا جائے گا۔واضح رہے کہ یہ ردعمل اسپین کی 2026 فیفا ورلڈ کپ جیت کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا، جن میں بعض سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا تھا کہ لامین یامال تقریب کے دوران انیس گارشیا کو نظر انداز کر رہے تھے۔ ان قیاس آرائیوں کے بعد دونوں کے تعلقات سے متعلق افواہیں گردش کرنے لگیں، جس کے نتیجے میں انیس گارشیا کو شدید آن لائن تنقید اور توہین آمیز پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔