فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی تاریخی فتح کے بعد نوجوان سپر اسٹار لامین یامال ایک غیر متوقع لمحے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے۔
ٹرافی تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کا مصافحہ انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔میچ کے بعد ہونے والی تقریب میں اسپین کے 19 سالہ فٹبالر لامین یامال اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والے مصافحے کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں بار دیکھی جا چکی ہے، جہاں صارفین اس لمحے پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔وائرل ویڈیو کے حوالے سے بعض صارفین کا دعویٰ ہے کہ یامال نے ابتدا میں ٹرمپ سے مصافحہ کرنے میں ہچکچاہٹ دکھائی، تاہم بعد میں وہ آگے بڑھے اور اعتماد کے ساتھ مصافحہ کیا۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ہاتھ بڑھایا، پھر لمحہ بھر کے لیے واپس کھینچ لیا، جس سے ایسا محسوس ہوا جیسے ٹرمپ چند لمحوں کے لیے انتظار کرتے رہے۔تاہم ویڈیو کی بنیاد پر ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی، اور یہ واضح نہیں کہ یامال کا یہ عمل دانستہ تھا یا محض ایک فطری لمحہ۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے یہ بھی تبصرہ کیا کہ ٹرمپ کے معروف "پاور گرپ" کے باوجود لامین یامال پُرسکون، پراعتماد اور ثابت قدم دکھائی دیے، جس پر انہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔لامین یامال کی یہ مختصر ملاقات جہاں شائقین کی دلچسپی کا باعث بنی، وہیں اسپین کی تاریخی ورلڈ کپ فتح اور نوجوان کھلاڑی کی شاندار کارکردگی بھی عالمی میڈیا اور فٹبال مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔