فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں کولمبیا نے گھانا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں جگہ بنا لی۔
کھیلے گئے میچ میں کولمبیا نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 14ویں منٹ میں جھون آریاس نے لوئس سواریز کے شاندار کراس پر گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ یہ گول میچ کا واحد اور فیصلہ کن ثابت ہوا۔میچ کے دوران کولمبیا کو اس وقت دھچکا لگا جب اسٹرائیکر جھون کورڈوبا انجری کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہوئے، جبکہ گھانا کے دفاعی کھلاڑی مارون سینایا بھی ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر میچ مکمل نہ کر سکے۔کولمبیا نے پورے مقابلے میں مسلسل حملے جاری رکھے، تاہم گھانا کے گول کیپر لارنس زیگی نے شاندار سیوز کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مزید گول کھانے سے بچائے رکھا۔ دوسری جانب لوئس ڈیاز کا ایک گول آف سائیڈ قرار دیا گیا، جبکہ کولمبیا نے کئی دیگر مواقع بھی ضائع کیے۔
گھانا کی ٹیم جارحانہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی اور پورے میچ کے دوران ایک بھی شاٹ ہدف پر نہ لگا سکی۔ ٹورنامنٹ میں بھی اس کی مجموعی اٹیکنگ کارکردگی مایوس کن رہی۔اس کامیابی کے بعد کولمبیا نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔ اگر کولمبیا اگلا مرحلہ بھی کامیابی سے عبور کر لیتا ہے تو کوارٹر فائنل میں اس کی ممکنہ ٹکر ارجنٹینا سے ہو سکتی ہے۔دوسری جانب گھانا ایونٹ سے باہر ہونے والی ساتویں افریقی ٹیم بن گئی، جبکہ اب ٹورنامنٹ میں افریقا کی نمائندگی صرف مراکش اور مصر کر رہے ہیں۔