نیوزی لینڈ نے تاریخ رقم کر دی، بھارت کو تیسرے ون ڈے میں 41 رنز سے شکست، سیریز 1-2 سے اپنے نام

نیوزی لینڈ نے تاریخ رقم کر دی، بھارت کو تیسرے ون ڈے میں 41 رنز سے شکست، سیریز 1-2 سے اپنے نام

نیوزی لینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بھارت کو 41 رنز سے شکست دے کر پہلی بار بھارتی سرزمین پر تین میچوں کی ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

اندور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ جواب میں بھارتی ٹیم مکمل اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 296 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ویرات کوہلی کی شاندار 124 رنز کی اننگز، جو ان کی کیریئر کی 54ویں سنچری تھی، بھی بھارت کو شکست سے نہ بچا سکی۔اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے بھارتی سرزمین پر نئی تاریخ رقم کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ 37 برسوں میں نیوزی لینڈ بھارت میں کھیلی گئی 7 ون ڈے سیریز ہار چکا تھا۔میچ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریوں کی مدد سے 200 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی۔
ڈیرل مچل نے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 137 رنز اسکور کیے، جو بھارت میں ان کی چوتھی سنچری تھی، جبکہ گلین فلپس نے جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔بھارت کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز مایوس کن رہا، تاہم ویرات کوہلی نے نتیش کمار ریڈی اور ہرشیت رانا کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کر کے ٹیم کو مقابلے میں واپس لانے کی کوشش کی۔تاہم نیوزی لینڈ کے بولر زیک فالکس نے بروقت وکٹیں حاصل کر کے بھارتی بیٹنگ کی رفتار توڑ دی اور میچ مہمان ٹیم کے حق میں کر دیا۔

بھارتی ٹیم کے بڑے نام روہت شرما، شبمن گل اور کے ایل راہول ناکام رہے اور ٹیم کو سیریز کی شکست سے نہ بچا سکے۔ نسبتاً جونیئر نیوزی لینڈ ٹیم کے سامنے بھارتی سورماؤں کی قلعی کھل گئی۔سیریز کے اختتام کے بعد دونوں ٹیمیں اب پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلیں گی، جو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ ہو گی۔