پہلی بار فیفا ورلڈکپ میں رسائی حاصل کرنے والی کیپ وردے نے مسلسل دوسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی دکھا کر شائقین کو حیران کر دیا ہے۔
اسپین کے خلاف اپنے پہلے میچ میں بغیر گول کے ڈرا کے بعد افریقی ٹیم نے ایک اور مضبوط حریف یوراگوئے کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے میچ 2-2 سے برابر کر دیا۔میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ مرحلے کے اس سنسنی خیز مقابلے میں کیپ وردے نے 21ویں منٹ میں برتری حاصل کی، جب کیون پینا نے شاندار فری کک کے ذریعے ٹیم کے ورلڈ کپ تاریخ کا پہلا گول اسکور کیا۔یوراگوئے نے جلد ہی واپسی کی اور پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں میکسی آراوخو اور اگستین کانوبیو نے صرف چھ منٹ کے اندر دو گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی۔
تاہم دوسرے ہاف میں کیپ وردے نے ہمت نہیں ہاری اور متبادل کھلاڑی ہیلیو واریلا نے دفاعی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کی کوشش کی، مگر کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی اور میچ برابر پر ختم ہوا۔اس نتیجے کے بعد کیپ وردے کی راؤنڈ آف 32 میں رسائی کی امیدیں برقرار ہیں، اور اب اس کی نظریں گروپ مرحلے کے اگلے اہم میچ میں سعودی عرب کے خلاف کارکردگی پر مرکوز ہیں۔