لاہور: چونگی امرسدھو میں 35 سالہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

لاہور: چونگی امرسدھو میں 35 سالہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

لاہور: شہر کے علاقے چونگی امرسدھو میں 35 سالہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش پولیس کے حوالے کر دی۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو مذکورہ شخص پہلے ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی نے مبینہ طور پر خود کو پھندا دے کر جان لی۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ شہباز ولد محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ، گلبرگ ایف بلاک سے 40 سالہ شخص عبدالرحمن کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی۔ ایدھی ترجمان کے مطابق عبدالرحمن کا اپنی اہلیہ سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد وہ ناراض ہو کر فیصل آباد چلی گئی تھیں۔ پولیس نے اس واقعے کو بھی بظاہر خودکشی قرار دیتے ہوئے میت مزید کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی تھی، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔