سردار تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ اور پتھراؤ، ذاتی گارڈ زخمی

سردار تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ اور پتھراؤ، ذاتی گارڈ زخمی

راولاکوٹ: آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما سردار تنویر الیاس کے انتخابی قافلے پر مبینہ فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کا ایک ذاتی گارڈ زخمی ہو گیا۔

ترجمان سردار تنویر الیاس کے مطابق وہ اسلام آباد سے راولاکوٹ انتخابی مہم کے سلسلے میں اپنے قافلے کے ہمراہ روانہ ہوئے تھے۔ ٹائیں پل عبور کرنے کے بعد ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے راستے بند کر دیے اور قافلے کو باغ جانے سے روک دیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اس دوران ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے قافلے پر شدید پتھراؤ کیا، جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ان کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں سردار تنویر الیاس کا ذاتی گارڈ زخمی ہوا۔ترجمان نے الزام عائد کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے قافلے پر حملہ ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر نے کیا، جبکہ واقعے کے دوران پولیس نے مؤثر تعاون نہیں کیا۔ ان کے مطابق قافلہ تاحال ٹائیں کے مقام پر رکا ہوا ہے۔دوسری جانب اس واقعے کے حوالے سے ایکشن کمیٹی یا پولیس کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ واقعے کی آزادانہ طور پر بھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔