ٹرینوں کی رفتار 120 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے: حکام
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان ریلوے کے سب سے بڑے میگا منصوبے مین لائن ون پر پیش رفت تیز کر دی گئی ہے، جس کے تحت کراچی سے پشاور تک موجودہ ریلوے ٹریک کو جدید معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔ منصوبے کے ابتدائی مراحل میں سروے، ڈیزائن اور تکنیکی تیاریوں پر کام جاری ہے۔ایم ایل ون منصوبہ کراچی سے پشاور تک تقریبا 1,700 کلومیٹر سے زائد ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن، ٹریک کی بہتری، جدید سگنلنگ نظام، پلوں کی بحالی اور رفتار میں اضافے پر مشتمل ہے۔ منصوبے کے بعد ٹرینوں کی رفتار 120 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق منصوبے پر عملی کام کا آغاز کراچی پورٹ سے کیا جانے کا امکان ہے، جہاں کراچی پورٹ تا پپری ریلوے سیکشن کو جدید بنایا جائے گا تاکہ مال بردار ٹریفک کو بہتر سہولت مل سکے۔ایم ایل ون کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق منصوبے کی لاگت تقریبا 6.8 ارب ڈالر کے قریب بتائی گئی تھی، تاہم فنانسنگ اور معاہدوں میں تاخیر کے باعث منصوبہ کئی سال سے التوا کا شکار رہا۔ماہرین کے مطابق ایم ایل ون مکمل ہونے سے پاکستان میں مسافر اور مال بردار ریل نظام میں بڑی تبدیلی آئے گی، سفر کا وقت کم ہوگا، ریلوے کی گنجائش بڑھے گی اور ملک کے اہم صنعتی و تجارتی مراکز کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہو گا۔