بے نظیر بھٹو کی جدوجہد جمہوری تسلسل کی ایک اہم علامت ہے، خورشید شاہ

 جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے لیے خدمات تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: سینئر رہنما
اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید احمد شاہ نے سابق وزیرِاعظم اور بے نظیر بھٹو کے یومِ ولادت کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق کے لیے خدمات تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اپنے بیان میں خورشید احمد شاہ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور ملک کی ترقی کے لیے بے مثال جرات اور حوصلے کے ساتھ آمریت کا مقابلہ کیا۔ ان کے مطابق بے نظیر بھٹو کی جدوجہد پاکستان میں جمہوری تسلسل کی ایک اہم علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی بصیرت، برداشت اور تحمل کی پالیسی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے، جس نے سیاسی نظام کو استحکام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔خورشید احمد شاہ نے مزید کہا کہ وہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔