لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مظفر آباد میں کی گئی تقریر پر ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔
ندیم افضل چن نے اپنے بیان میں کہا کہ مظفر آباد کے جلسے میں مریم نواز نے پاکستان پیپلز پارٹی پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کیے، جبکہ پنجاب کی موجودہ صورتحال خود حکومتی کارکردگی کا اصل چہرہ بے نقاب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نااہلی اور مبینہ کرپشن نے پنجاب کو شدید مسائل سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے بقول، "سُتھرا پنجاب" صرف ایک نعرہ ثابت ہوا، جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی دعوؤں کی حقیقت آشکار کر دی۔ ان کے مطابق صرف ایک دن کی بارش کے بعد مختلف شہروں کی سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ندیم افضل چن نے دعویٰ کیا کہ گوجرانوالہ اور لیہ سمیت کئی علاقوں میں بارش کے بعد گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میں حکومت ناکام رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اربوں روپے اشتہارات پر خرچ کر رہی ہے، لیکن عوام کو عملی طور پر بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور دعویٰ کیا کہ گندم سے متعلق ایک بڑا اسکینڈل بھی جلد عوام کے سامنے آئے گا۔واضح رہے کہ یہ تمام الزامات ندیم افضل چن کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں، جن پر پنجاب حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔