بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ اور اداکارہ راکھی ساونت نے طلبہ کے احتجاج کے دوران مبینہ پولیس کارروائی پر ردِعمل دیتے ہوئے مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔
نصیرالدین شاہ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں طلبہ کے ساتھ ہونے والے مبینہ سخت رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی آواز کو دبانے کے بجائے ان کے مسائل کو سننے کی ضرورت ہے۔سینئر اداکار نے کہا کہ ایک معاشرے کی ترقی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں، طلبہ اور اختلافی آوازوں کے ساتھ کس طرح کا رویہ اختیار کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مایوس نہ ہونے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔نصیرالدین شاہ نے پولیس کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے ساتھ تشدد آمیز رویہ اختیار کرنا کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنی جدوجہد جاری رکھنے اور پرامن طریقے سے اپنے مطالبات پیش کرنے کا مشورہ دیا۔
دوسری جانب اداکارہ راکھی ساونت نے بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے طلبہ کے ساتھ مبینہ تشدد پر افسوس کا اظہار کیا۔راکھی ساونت نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے اور طلبہ کے مسائل کو طاقت کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تعلیم، روزگار اور خواتین کے تحفظ سمیت مختلف سماجی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کے ساتھ بہتر سلوک ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کرنے والے طلبہ کے جذبات کو سمجھنے اور ان کے خدشات دور کرنے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ طلبہ کے احتجاج کا تعلق تعلیمی معاملات، امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور اصلاحات کے مطالبات سے بتایا جا رہا ہے۔ احتجاج کے دوران پولیس کارروائی کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے ردِعمل سامنے آیا، جبکہ کئی معروف شخصیات نے طلبہ کے حق میں آواز بلند کی۔