آسٹریلوی بگ بیش لیگ (BBL) کی فرنچائز سڈنی تھنڈرز کے کپتان اور سابق اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر کی قیادت خطرے میں پڑ گئی ہے، کیونکہ انہوں نے شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمے میں جرم قبول کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو ویورلے لوکل کورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران وارنر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں تھی۔ ان کے وکیل بوبی ہل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا مؤکل ایسٹر سنڈے کے روز مڈ رینج ڈرنک ڈرائیونگ کے الزام کو تسلیم کرتا ہے۔پولیس کے مطابق 5 اپریل کو سڈنی کے مشرقی علاقے میں روڈ سائیڈ چیک کے دوران وارنر کو مزید ٹیسٹ کے لیے ماروبرا پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں ان کا بلڈ الکحل لیول 0.104 ریکارڈ کیا گیا، جو قانونی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ تھا۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وارنر نے ایک دوست کے گھر تین گلاس شراب پی تھی اور بعد ازاں گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا، جس پر انہیں شدید افسوس ہے۔ ان کے مطابق وارنر اپنے عمل کو غلط اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہیں اور عدالت سے نرمی کی درخواست کریں گے، تاہم وہ ایک عام شہری کی طرح قانون کا سامنا کریں گے۔عدالت ڈیوڈ وارنر کو 18 اگست کو سزا سنائے گی۔ اس پیش رفت کے بعد سڈنی تھنڈرز کی کپتانی بھی ان کے لیے غیر یقینی ہو گئی ہے، جبکہ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز نے واقعے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ادارہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے خلاف سخت مؤقف رکھتا ہے۔