لاہور (ویب ڈیسک):گرینڈ نیشنل اسمبلی ترکیہ کے اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کورتولموش اور اسلامی جمہوریہ آذربائیجان کی اسپیکر صاحبہ غفاروا اپنے پارلیمانی وفود کے ہمراہ پنجاب اسمبلی پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
استقبال کرنے والوں میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ، اراکین اسمبلی سارہ احمد، اسماء احتشام، رانا محمد ارشد، سیکرٹری جنرل چوہدری عامر حبیب اور سیکرٹری پارلیمانی امور خالد محمود شامل تھے۔بعدازاں، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے دونوں برادر ممالک کے اسپیکرز سے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاع، تعلیم اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان اخوت، دوستی اور محبت کے اٹوٹ رشتے میں منسلک ہیں۔ تینوں ممالک کی علاقائی سالمیت اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں خطے میں ترقی و خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تینوں ممالک کو دفاعی شعبے میں تعاون مزید بڑھانا چاہیے۔ برادر ممالک نے ہمیشہ ہر آزمائش اور چیلنج میں پاکستان کا ساتھ دیا اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی بھرپور حمایت کی۔
ترک اسپیکر ڈاکٹر نعمان کورتولموش نے کہا کہ تینوں ممالک کا پارلیمانی تعاون مشترکہ تاریخ، ثقافت اور اقدار کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان تین ریاستیں مگر ایک قوم ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف کسی سمجھوتے کی گنجائش نہیں۔آذربائیجان کی اسپیکر صاحبہ غفاروا نے کہا کہ ان کا ملک 44 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے تینوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یادگاری شیلڈز پیش کیں اور مہمان وفود کو پنجاب اسمبلی ایوان کا دورہ کروایا۔ بعدازاں، دونوں ممالک کے اسپیکرز نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مہمانوں نے یادگاری کتاب میں تاثرات قلم بند کیے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
قبل ازیں، دونوں پارلیمانی وفود خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے، جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ترکیہ اور آذربائیجان کے وفود کی لاہور آمد پاکستان کے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ پارلیمانی تعلقات اور ثقافتی اشتراک کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔