لاہور (کرائم رپورٹر) شادمان پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم رضوان کو تین سال بعد شاہ جمال کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پرچون کے کاروبار کی آڑ میں شہریوں کو سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر لاکھوں اور کروڑوں روپے بٹورتا تھا اور رقم و گاڑیاں حاصل کرنے کے بعد فرار ہو جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم لاہور کے نو مختلف تھانوں کو مطلوب تھا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔