فارم ہاؤس پارٹی پر چھاپہ، 11 ملزم گرفتار

اسلحہ، شراب، حقہ اور ساؤنڈ سسٹم برآمد، مقدمہ درج، مزید تفتیش جاری 
لاہور (کرائم رپورٹر) کاہنہ پولیس نے نجی فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر اسلحہ کی نمائش اور پارٹی کرنے والے 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان دورانِ پارٹی اسلحہ لہرا رہے تھے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے چھ رائفلیں، شراب، حقہ شیشہ اور ساؤنڈ سسٹم برآمد کر لیا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی