نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 33ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن روانہ ہوگئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 22 اور 23 جولائی کو منیلا میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ علاقائی اور عالمی سیاسی و سیکیورٹی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور ایشیا پیسیفک خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔ترجمان نے بتایا کہ آسیان ریجنل فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر اہم شخصیات سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ان ملاقاتوں کے دوران باہمی تعاون کے فروغ، علاقائی روابط اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔