نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ماسکو روانہ ہو گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق، انہیں اس دورے کی دعوت روس کے وزیر اعظم میخائل میشوستن نے دی ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی قیادت میں وفد اجلاس میں شریک ہوگا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ 17 سے 18 نومبر 2025 تک ماسکو میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں پاکستان کا وفد قیادت کرے گا۔ اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے سربراہانِ حکومت، ایران کے نائب صدر، اور پاکستان و بھارت کے وزرائے خارجہ شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں، منگولیا، بحرین، مصر، قطر، کویت، ترکمانستان کے سربراہانِ حکومت، اور دیگر بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں جیسے دولتِ مشترکہ برائے آزاد ریاستیں، یوریشین اکنامک یونین، کلیکٹیو سکیورٹی ٹریٹی آرگنائزیشن اور ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکا کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
نائب وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف واضح کریں گے اور ایس سی او کو خطے کے فائدے کے لیے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر روشنی ڈالیں گے۔ اجلاس کے دوران وہ دیگر ایس سی او ممالک کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ، ایس سی او کا دوسرا اہم فیصلہ ساز ادارہ ہے، جو اقتصادیات، مالیات، تجارت، باہمی رابطہ، سماجی و اقتصادی تعاون اور تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور پر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اس اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ، بیانات اور اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔