ایران کیخلاف بڑے آپریشن پر غور، اسرائیل کی شمولیت کا امکان امریکی حملے جاری رہے تو آبنائے ہرمز کبھی نہیں کھلے گی:پاسداران انقلاب

ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی واپسی موجودہ حملوں سے زیادہ شدید ہوگی:امریکی میڈیا‘وزارت خارجہ ایرانی عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی: صدرمسعود پزشکیان
امریکی فوج  کا ایران کے میزائل، ڈرون لانچنگ مقامات اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کا دعوی ‘ایران  کے  بحرین اور کویت میں  حملے ،  اردن میں  ایف 15 طیارہ تباہ کرنے کا دعوی
 برطانوی وزیر اعظم سے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی پر بات کی ہے‘ان کے سامنے بڑا چیلنج ہے، یقینا امریکہ ان کی مدد کیلئے  موجودہوگا:امریکی صدر ٹرمپ
واشنگٹن‘تہران(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکی میڈیا  نے کہا ہے  واشنگٹن میں ایران کے خلاف ممکنہ بڑے آپریشن کے آپشن پر غور جاری ہے، ٹرمپ کے جنگ بڑھانے کے فیصلے کی صورت میں اسرائیل کی شمولیت کا امکان ہے۔فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے تہران کے قریب یا جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کیا، بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع ہوا تویہ پالیسی تبدیل ہو سکتی ہے، مشرق وسطی میں مزید فوجی طیاروں کی تعیناتی،حتمی فیصلہ ٹرمپ کریں گے، ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی واپسی موجودہ حملوں سے زیادہ شدید ہوگی۔دوسری جانب  ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر  ایران کا مکمل کنٹرول ہے، امریکی کارروائیاں جاری رہنے تک جوابی حملے جاری رہیں گے۔بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ قومی مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا،ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے رابطوں کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت تمام اہم فیصلے ان کی رہنمائی اور مسلسل مشاورت سے کر رہی ہے‘ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ نجی اجلاسوں میں نہ جنگ اور نہ ہی کشیدگی کی کیفیت برقرار رکھنے کے بجائے مسائل کے حل پر زور دیا جاتا ہے، اسی تناظر میں حکومت نے مذاکرات کا آغاز کیا۔ وزارت خارجہ ایرانی عوام کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور تمام سفارتی اقدامات قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔امریکی فوج کے مسلسل دسویں رات ایران پر حملے مکمل جاری رہے  جس میں  میزائل اور ڈرون لانچنگ مقامات، اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا ہے جبکہ ایران نے بھی  بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا جوابی دعوی کیا ہے،پاسداران انقلاب کے شعب تعلقاتِ عامہ  نے دعوی کیا ہے  کہ خطے میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاع کے نظاموں پر جاری میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران ایک امریکی ایف 15 طیارے کو اس کے ہینگر میں تباہ کر دیا گیا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ  نے کہا ہے کہ انھوں نے برطانیہ کے نئے وزیر اعظم اینڈی برنہم کے ساتھ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی سمیت دیگر کئی موضوعات پر گفتگو کیہے ۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم سے بات کے دوران بحیرہ شمالی کا تیل، تجارت اور فوجی اتحاد بھی زیر بحث آئے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئے برطانوی وزیر اعظم کے سامنے بڑا چیلنج ہے، لیکن وہ اس سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یقینا امریکہ ان کی مدد کیلئے  موجود ہو گا۔   امریکی صدر نے اینڈی برنہم کیلئے  نیک خواہشات کا اظہار کیا۔