اسلام آباد: وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی وزرا اور دیگر کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور اشتعال انگیزی پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسی خطے کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے۔
اسرائیلی وزرا کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت
وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سینئر اسرائیلی حکام کی موجودگی میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور ان کا یہ اعلان کہ "ٹیمپل ماؤنٹ ہمارا ہے" نہ صرف عالمی سطح پر مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کی خطرناک کوشش ہے بلکہ اس کا مقصد حالات کو مزید خراب کرنا اور مسجد اقصیٰ کی حیثیت کو تبدیل کرنا ہے۔
خطے میں تشدد بھڑکنے کا خدشہ
پاکستان نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی یہ توسیع پسندانہ پالیسیاں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خطے کو غیر مستحکم کرنے اور امن کے تمام ممکنہ راستوں کو تباہ کرنے کی سازش ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں خطے میں بڑے پیمانے پر تشدد کی ایک خطرناک لہر بھڑکنے کا خدشہ ہے۔
عالمی برادری سے مطالبہ
وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائیں اور مسجد اقصیٰ کی مذہبی حیثیت کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔
فلسطین پر پاکستان کا مؤقف
پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور انسانی حقوق کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ جون 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔