عدالت کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی:چیف جسٹس یحیٰ آفریدی

عدالت کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی:چیف جسٹس یحیٰ آفریدی

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران واضح کہا ہے کہ عدالت کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ سماعت فرضی کرایہ دار کے خلاف کرایہ ادا نہ کرنے کے کیس کی تھی، جس کی سربراہی 3 رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی موکلہ سے کہیں کہ درخواست واپس لے لیں، کیونکہ کیس جاری رکھنے کی صورت میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست گزار عدالت میں موجود ہیں یا نہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ وہ بیرون ملک مقیم ہیں لیکن اگر عدالت کہے تو انہیں بلا لیا جائے گا۔ عدالت نے درخواست گزار کی شناختی دستاویزات جمع کروانے کی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران گھر کا اصل مالک بھی عدالت میں پیش ہوا اور رجسٹری جمع کروائی۔ چیف جسٹس نے وکیل سے سوال کیا کہ گھر میں رہنے والے اور مالک کے بیانات میں تضاد کیوں ہے اور واضح کیا کہ عدالت کسی کو بے حرمتی کی اجازت نہیں دے گی۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ جس نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کی، اس پر مقدمہ ہونا چاہیے، اور عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔