9 مئی کے بعد سے تحریک انصاف مسلسل آزمائشوں کا شکار ہے:زرتاج گل

9 مئی کے بعد سے تحریک انصاف مسلسل آزمائشوں کا شکار ہے:زرتاج گل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ 9 مئی کے بعد تحریک انصاف کے لیے ایک بھی دن آسان نہیں رہا، پارٹی مسلسل دباؤ اور چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔

اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ملک میں رہ کر تمام مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ کہیں بھاگے نہیں بلکہ قانون کا سامنا کر رہے ہیں۔زرتاج گل نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی خاندانی جماعت نہیں بلکہ نظریے کی جماعت ہے، جہاں سوال کرنا کارکنان کا حق ہے اور تمام فیصلے بانی چیئرمین ہی کرتے ہیں، جنہیں کارکنان اور رہنما تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کو پیش کیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قانون کے مطابق عدالت میں لایا جائے تاکہ عدالتی عمل مکمل ہو۔

پی ٹی آئی رہنما نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف سینیٹ انتخابات میں بہتر نتائج حاصل کر سکتی تھی، لیکن موجودہ سیاسی حالات کے باعث ایسا ممکن نہ ہو سکا۔انہوں نے عمران خان کے صاحبزادوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی بہادر ہیں، اگر پاکستان آئیں گے تو پارٹی انہیں خوش آمدید کہے گی۔زرتاج گل کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پارٹی کے کئی رہنما اور کارکن مقدمات، گرفتاریوں اور دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، اور اندرونی سطح پر بھی کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔